ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بنگلورومیں 2دسمبر کوقومی یک جہتی کانفرنس مولانا ارشد مدنی کاکلیدی خطاب ہوگا

بنگلورومیں 2دسمبر کوقومی یک جہتی کانفرنس مولانا ارشد مدنی کاکلیدی خطاب ہوگا

Fri, 01 Dec 2017 10:02:30    S.O. News Service

بنگلورو 30؍نومبر(ایس او نیوز) جمعیتہ علماء کرناٹک ومسجد مکرم ومسجد عیدگاہ بلال ٹرسٹ کے زیراہتمام 2دسمبرکی شام 5بجے عیدگاہ بلال بنرگٹہ روڈ میں سیرت رسول اکرمؐ کی روشنی میں قومی یک جہتی کانفرنس کااہتمام کیاگیاہے۔ جس میں جمعیتہ علماء ہندکے صدر مولانا ارشدمدنی کاکلیدی خطاب ہوگا۔ اردومیڈیا سے بات کرتے ہوئے جمعیتہ علما کرناٹک کے صدرمولانا عبدالرحیم رشیدی ،سکریٹری امین ، جنرل سکریٹری یل محمدفاروق احمد نے مشترکہ اخباری کانفرنس کے دوران بتایاکہ جمعیتہ علماء ہند ملک بھرمیں مختلف مذاہب کے درمیان فرقہ وارانہ ہم آہنگی اورقومی یک جہتی کوفروغ دینے کے لئے جدوجہد کررہی ہے۔ مولانا عبدالرحیم رشیدی نے کہاکہ جمعیتہ علماء کایہ عزم ہے کہ متحدہ قومیت کے نظریہ کوعام کرکے ملک کی سالمیت کاتحفظ کیاجائے۔ انہوں نے بتایاکہ فرقہ پرستی ، نفرت، ظلم اورتشددکا خاتمہ ہو، جمہوریت کی بقا اور سکیولر کردار کاتحفظ کیاجائے۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں صدیوں سے مختلف مذاہب کے لوگ آپس میں پیار اورمحبت سے رہتے آرہے ہیں اوربین مذہبی تعلقات کوبڑھاوا دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہرمذہب نے یہی تعلیم دی ہے۔ اورملک کے دستور میں بھی ہرشہری کومذہبی آزادی کاحق حاصل ہے۔ مذہب اسلام بھی امن وآشتی پیارومحبت کادرس دیتاہے۔ نبی کریمؐ نے اپنی زندگی میں اس کانمونہ پیش کیاہے۔ انہوں نے کہاکہ اس پر عمل پیرا ہوکردنیا میں امن وامان قائم کیاجاسکتاہے۔ اوراس سے ملک ترقی کی راہ پرگامزن ہوسکے گا۔ مولانا عبدالرحیم رشیدی نے کہاکہ اسی پیغام کولوگوں تک پہنچانے کے مقصد سے جمعیتہ علماء کرناٹک نے قومی یک جہتی کانفرنس کااہتمام کیاہے۔ انہوں نے بتایاکہ اس کانفرنس میں مولانا سیدارشدمدنی کے علاوہ جامعہ اسلامیہ مسیح العلوم کے بانی ومہتمم مولانا مفتی محمدشعیب اللہ خان، پیڈی مٹھ میسورکے شری گیانا پرکاش سوامی، مولانا انظر شاہ قاسمی،شری گروسنگھ سبھا کے سکریٹری پروفیسر یس یس بھاٹیا، جمعیتہ علماء تملناڈو کے نائب صدرمولانا مفتی سبیل احمد، مسجد معظم بنگلور کے خطیب مولانا عبدالخالق ندوی، کے اہم خطابات ہوں گے۔ انہوں نے بتایاکہ سیرت رسولؐ کی روشنی میں قومی یک جہتی کانفرنس کے ذریعہ بین مذہبی تعلقات میں بڑھاوا پرزوردیا جائے گا اورفرقہ پرست جماعتوں کے ذریعہ دلوں میں جو نفرتوں کابیج بونے کا کام ہورہاہے اس سے کوسوں دوررہنے اورفرقہ پرستوں کی چال کو ہرگز کامیاب ہونے نہ دینے کی برادران وطن سے بھی گزارش کی جائے گی۔ انہوں نے بتایاکہ حال ہی میں رہاہوئے مولانا انظر شاہ قاسمی رہائی کے بعدپہلے اجلاس عام سے خطاب کریں گے۔ اورجمعیتہ علماء کرناٹک اس اجلاس کے ذریعہ مولاناانظرشاہ قاسمی کا استقبال کرے گی۔ انہوں نے بتایاکہ اس کانفرنس میں مقامی علماء کرام کے علاوہ بیرونی علاقوں سے بھی بڑی تعداد میں علماء کرام اورفرزندان توحید شرکت کریں گے۔ کانفرنس کے لئے تیاریاں آخری مرحلہ میں ہیں۔ اخباری کانفرنس کے دوران جمعیتہ علماء بنگلور کے صدر مولانا صلاح الدین جمعیتہ علماء کرناٹک کے رکن موسیٰ خان ، بھی موجود تھے۔ 


Share: